حیدرآباد،16جولائی(یواین آئی) امبیڈکر نیشنل کانگریس (اے این سی) نے اپنے قیام کے 21سال مکمل کرلئے ہیں‘ اس سلسلہ میں پارٹی کے دفتر فرسٹ لانسرز میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت صدر نواب محمد کاظم علی خان نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ 21سال کی مدت میں پارٹی کئی نشیب و فراز سے دوچار ہوئی‘ اس مدت میں وہ حیدرآباد سے شروع ہو کر ملک کی مختلف ریاستوں تک پھیل گئی۔
مہاراشٹرا‘ کرناٹک‘ آندھرا پردیش‘ ٹامل ناڈو‘ کیرلالا‘ پانڈیچری‘ جھارکھنڈ‘ بہار‘ اتر پردیش‘ ہریانہ‘ جموں و کشمیر‘ دلی اور اڑیسہ وغیرہ میں اے این سی کی شاخیں قائم ہیں جووہاں عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کی یکسوئی میں مصروف ہیں۔پارٹی نے ان ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے علاوہ لوک سبھا چناؤ میں بھی حصہ لیا اور قابل قدر مظاہرہ کیا۔ اب پارٹی بلدی چناؤ میں بھی حصہ لے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ تلنگانہ کے بلدی چناؤ میں ان کی پارٹی بڑے پیمانہ پر حصہ لے گی اور تقریباً تمام نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر امبیڈکر نیشنل فرنٹ کو مقبولیت حاصل ہوتی جارہی ہے اور کئی پارٹیاں ہم سے ربط میں ہیں۔ اس جلسہ کو قومی جنرل سکریٹری شری کے گٹیا‘ مہیلا صدر شریمتی کومل‘ صدر اے پی یونٹ شری ڈی پلیا نے بھی مخاطب کیا۔ نواب کاظم علی خان نے گذشتہ دو دہائیوں کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی توسیع اور استحکام کے لئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے ملک میں تشدد کی لہر پھیلتے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور مختلف حصوں میں ہجومی تشدد کے واقعات میں مسلمانوں کے علاوہ دلتوں کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی اور کہا کہ اس کا افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ اس قدر خون خرابہ کے باوجود مرکزی حکومت خاموش ہے’ انہوں نے کہا کہ ہجومی تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ ملک م میں جگہ جگہ امن یاترائیں نکالی جائیں اور عوام میں شعور بیدارکیا جائے‘ چند مٹھی بھر فرقہ پرست جنونیوں کے ہاتھوں ملک کا امیج مسخ ہوتا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں تشدد اور دہشت گردی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے‘ فوجی جوانوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ملک کے اس علاقہ میں بیروزگاری بڑھتی جارہی ہے۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر میں نئی صنعتیں قائم کی جائیں‘ نوجوانوں کو سرکاری اور نجی شعبہ میں ملازمتیں فراہم کی جائیں اور ان کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کارکنوں اور عہدیداروں کو سرگرم ہوجانے کا مشورہ دیا۔ حافظ محمدعلی نے پارٹی کی ترقی اور ملک میں امن و امان کے لئے دعأ کی۔ آخر میں شری اوما مہیشور راؤ نے شکریہ ادا کیا۔