نئی دہلی ، 28 جولائی ؛ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور حزب اختلاف کے متعدد دیگر رہنماؤں نے فون ٹیپنگ معاملہ میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو تحریک التوا کا نوٹس دیا ہے۔
کانگریس ذرائع نے بدھ کے روز بتایا کہ مسٹر گاندھی اور اپوزیشن رہنماؤں نے پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس معاملہ کو سنگین قرار دیتے ہوئے اپوزیشن نے انکوائری کا مطالبہ کیا ہے ، لیکن حکومت ان کی بات نہیں مان رہی ہے ، لہذا آج اپوزیشن کے رہنماؤں نے مزید حکمت عملی پر تبادلہ خیال کے لئے ایک اجلاس طلب کیا ہے ، جس میں مسٹر گاندھی کے بھی موجود رہنے کی امید ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیاں اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کررہی ہیں اور اسی واقعہ پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ جاری ہے۔ اسی وجہ سے مون سون کے اجلاس میں پارلیمنٹ میں ایک دن بھی کام نہیں ہوسکا ہے۔