نئی دہلی، 22 فروری (یو این آئی) پیگاسس جاسوسی کیس کی جانچ کے لیے تشکیل دی گئی جسٹس روندرن کمیٹی نے سپریم کورٹ میں اپنی عبوری رپورٹ پیش کر دی ہے۔
چیف جسٹس این وی رمن، جسٹس آر سوریہ کانت اور جسٹس ہیما کوہلی کی ڈویژن بنچ جمعہ کو کمیٹی کی عبوری رپورٹ اور دیگر پی آئی ایل کی سماعت کرے گی۔ اسی ڈویژن بنچ نے گزشتہ سال کمیٹی کی نگرانی میں تکنیکی ماہرین کی انکوائری ٹیم تشکیل دی تھی۔
کمیٹی کی جانب سے عبوری رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ مزید تفتیش کے لیے عدالت سے اضافی وقت مانگے گی۔
ڈویژن بنچ نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد 27 اکتوبر 2021 کو سپریم کورٹ کے رٹائرڈ جج آر وی روندرن کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ ڈویژن بنچ نے توقع ظاہر کی تھی کہ کمیٹی آٹھ ہفتوں میں اپنی انکوائری پیش کرے گی۔