بالی وڈ کے اداکار رنبیر کپور آج کل ’سنگل‘ ہیں اور سنا ہے ان کی ممی ان کے لیے لڑکیاں تلاش کر رہی ہیں۔ لگتا ہے دپیکا اور قطرینہ کے تجربے کے بعد اب نیتو ماں اپنے بچے کے لیے انڈسٹری سے باہر کی دلہن بیاہ کر لانے کی کوشش میں ہیں اور آج کل ہر وقت رنبیر کی شادی کی بات کرتی ہیں۔
حال ہی میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ رنبیرکی تصاویر پر سوشل میڈیا پر جو ہنگامہ ہوا تھا اس کے بعد سے نیتو سنگھ چاہتی ہیں کہ ان کے بیٹے کا گھر جلد از جلد بس جائے اور کیوں نہ ہو رنبیر بھی تو کنٹرورسیز کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔
ان کے کام سے زیادہ ان کی ذاتی زندگی سرخیوں میں رہتی ہے۔ فی الحال رنبیر کپور سنجے دت کی بائیو پک میں مصروف ہیں جس میں وہ سنجے دت کا کردار نبھا رہے ہیں۔ اب دیکھنا ہے کہ کپور خاندان میں شہنائی کب سنائی دیتی ہے۔
ظاہری خوبصورتی پر فریفتہ!
ودیا بالن کا کہنا ہے کہ آجکل لوگ جسمانی خوبصورتی پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں اور انھیں لگتا ہے کہ ظاہری خوبصورتی زیادہ معنی رکھتی ہے۔
ودیا بالن کہتی ہیں کہ جب لوگ انھیں ’موٹی‘ کہتے ہیں تو انھیں برا نہیں لگتا لیکن جب لوگ ان کے جسم پر باقاعدہ تبصرہ کرتے ہیں تو انھیں برا لگتا ہے۔
ودیا بالن کی ’فلم تمہاری سولو‘ گذشتہ ہفتے ہی ریلیز ہوئی ہے جس میں انھوں نے ایک ہاؤس وائف کا کردار نبھایا ہے۔