نئی دہلی، 29 مارچ (یو این آئی)کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کرنے کے فیصلہ کو صحیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اچانک لئے گئے اس فیصلے سے کئی لوگ دہشت میں ہیں اس لئے ان میں اطمینان پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
مسٹر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ مسٹر مودی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 21 دنوں کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کچھ لوگوں میں دہشت اور مغالطے کی صورت پیدا ہوگئی ہے۔ فیکٹری، چھوٹی صنعت اور تعمیراتی شعبوں میں کام بند ہوگیا ہے جس سے ہزاروں مزدور ڈر کی وجہ سے اپنے گھروں کے لئے پیدل سڑکوں پر آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ دہاڑی مزدور کام نہیں ہونے کی وجہ سے دہشت میں ہیں اور اپنے گھروں کو فرار ہورہے ہیں۔ ان کے لئے اس وقت رہنے کی جگہ اور کھانے کے نظم کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان میں اطمینان پیدا ہو اس کے لئے ان کے کھاتوں میں براہ راست پیسہ جمع کئے جانے کی ضرورت ہے۔