ئی دہلی،5 دسمبر؛ملک میں کورونا انفیکشن کی رفتار سست پڑنے اور صحت مند ہونے والوں کی تعداد میں امید کے مطابق اضافہ ہونےسے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہوکر چار لاکھ نو ہزار رہ گئی ہے۔
پچھلے چھ دن سے کورونا کے نئے معاملے 40 ہزار سے نیچے آرہے ہیں لیکن ان کی تعداد 35 ہزار کے آس پاس برقرار ہے جس سے متاثرین کی کل تعداد 96 لاکھ کو پار کر گئ ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ صحت مند ہونے والوں کی شرح میں اضافہ برقرار ہے اور اب تک قریب 90.6 لاکھ مریض اس بیمار سے صحت مند ہو چکے ہیں۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے ہفتے کوجاری اعدادو شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے میں 36,652 نئے معاملے آئے جس سے متاثرین کی تعداد 96.08لاکھ ہوگئی ہے۔ اس دوران 42,533 مریض صحت یاب ہوئے اور اسی کے ساتھ بازیابی کی شرح بڑھکر 94.28 فیصد ہوگئی۔ نئے معاملوں کے مقابلے میں کورونا سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد زیادہ رہنے سے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں 6393 کی کمی آئی ہے اور اب یہ گھٹ کر 4,09,689 رہ گئی ہے۔ اسی مدت میں 512 اور مریضوں کی موت ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھکر 1,39,700 ہوگئی ہے اور شرح اموات ابھی 1.45 فیصد ہے۔
پچھلے 24 گھنٹے میں مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 6776 مریض صحت یاب ہوئے،حالانکہ سب سے زیادہ 127 لوگوں کی موت بھی یہیں ہوئی ہے۔ریاست میں زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہو کر 84,938 رہ گئی ہے۔ ہلاک شدگان کی تعداد بڑھکر 47,599 ہوگئی ہے،وہیں ابھی تک 17.10 لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا کو مات دے چکے ہیں۔
کیرالہ میں صحت مند ہوئے مریضوں کی تعداد 5.61 لاکھ سے زیادہ ہوگئی اور زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھکر 61,535 ہوگئی ہےجبکہ 2358 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 868 کم ہوکر اب 28,252رہ گئی ہے۔ وہیں اب تک 9497 لوگ اس بیماری سے اپنی جان گنوا چکے ہیں،جبکہ 5.48لاکھ سے زیادہ مریض کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔