خیبر پختونخوا کے دار الحکومت پشاور میں پولیس لائنز کے قریب واقع مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں32 افراد شہید اور 147 زخمی ہوگئے جبکہ مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سرکاری خبرایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پشاور کی مسجد میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر سی) کے ترجمان محمد عاصم نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسجد میں ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 32 ہوگئی ہے اور 147 افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
کمشنر پشاور ریاض محسود نے بھی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کے اندر ریسیکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر سی) کے ترجمان محمد عاصم نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور صرف ایمبولینس اور امدادی کاموں میں مصروف اہلکاروں کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔









