صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں صدر روڈ پر ڈینز ٹریڈ سینٹر کے بالمقابل فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے ہیڈ کوارٹر پر خود کش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک بمبار سمیت 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے.
جب کہ 3 ایف سی اہلکار شہید اور 2 اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوئے ہیں، دھماکے کی آواز دو ردور تک سنی گئی ہے، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
صدر کوہاٹ روڈ پر فیڈرل کانسٹبلری کے ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر خودکُش دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، ایک بمبار نے اپنے آپ کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر دھماکے سے اُڑا دیا، ایف سی اہلکاروں نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، اس دوران 3 ایف سی اہلکار ہلاک بھی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، علاقے کی کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔
پشاور صدر کے قریب ڈینز ٹریڈ سینٹر کے بالمقابل ایف سی ہیڈ کوارٹر پر خود کش حملے کی تصدیق انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بھی کی ہے، دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اور ایمبولینس سروسز کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) میاں سعید نے بتایا کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے فیڈرل کانسٹیبلری پر حملہ کیا، ایک خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا جب کہ 2 خودکش حملہ آور فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہوئے۔
کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) میاں سعید نے بتایا کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے فیڈرل کانسٹیبلری پر حملہ کیا، ایک خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا جب کہ 2 خودکش حملہ آور فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہوئے۔
میاں سعید نے بتایا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں نے دونوں حملہ آوروں پر فائرنگ کی، تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے ہیں، فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے بہادری سے خودکش حملے کو ناکام بنایا۔
ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی جاوید اقبال کے مطابق تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے، جوانوں نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، خودکش حملے میں ایف سی کے 3 اہلکار شہید ہوئے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، حملے میں زخمی ہونے والوں میں 2 ایف سی اہلکار اور 7 شہری شامل ہیں، تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت تسلی بخش ہے۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے بتایا کہ 2 بمبار ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہونا چاہتے تھے، جنہیں اہلکاروں نے گیٹ پر ہی ہلاک کر دیا، اس دوران ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، پولیس جائے وقوعہ پر موجود ہے، جب کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن کا عمل جاری ہے۔
فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام بنایا، سیکیورٹی ذرائع
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور میں صدر کوہاٹ روڈ پر آج صبح تقریباً 8 بجے فتنۃ الخوارج نے فیڈرل کانسٹبلری ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش کی، جسے بہادر ایف سی جوانوں نے ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق خوارج نے فیڈرل کانسٹبلری ہیڈکوارٹرکے گیٹ پر خود کُش دھماکا کیا،
خود کُش دھماکے کے بعد 2 خوارجین نے ہیڈکوارٹر میں گھسنے کی کوشش کی جن کو مار دیا گیا، تینوں حملہ آور جہنم واصل ہو چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کی آواز رک گئی ہے، حملے میں فیڈرل کانسٹبلری کے 3 اہل کار شہید ہوئے جبکہ 2 زخمی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، علاقے کی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔ْ
بڑے نقصان سے بچ گئے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔