گینگسٹر، لیڈر عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف احمد کے پولیس کی موجودگی میں قتل کے معاملہ کی جانچ کے لیے دائر کی گئی عرضی پر سپریم کورٹ نے 24 اپریل کو سماعت کرنے کو کہا ہے۔
نئی دہلی: زورآور لیڈر عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف کے قتل کے معاملہ میں سپریم کورٹ سماعت کے لیے تیار ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق قتل کی جانچ کے لیے آزادانہ کمیٹی تشکیل دینے کے لیے دائر کی گئی عرضی پر سپریم کورٹ کی جانب سے 24 اپریل کو سماعت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ یوپی میں 2017 سے لے کر اب تک ہوئے کل انکاؤنٹر کی جانچ کی مانگ پر بھی عدالت عظمی کی جانب سے سماعت کی جائے گی۔
سپریم کورٹ میں عرضی وکیل وشال تیواری نے دائر کی ہے۔ جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے سابق جج کی سربراہی میں ایک آزاد ماہر کمیٹی تشکیل دی جائے، جو عتیق احمد اور اس کے بھائی کے پولیس کی موجود میں کیے گئے قتل کی تحقیقات کرے۔ اس کے علاوہ 2017 سے اب تک پولیس کی جانب سے کیے گئے 183 انکاؤنٹروں کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ الہ آباد میں 15 اپریل کی شب عتیق اور اشرف کو اس وقت تین حملہ آور نے گولیوں کی بوچھاڑ کر کے قتل کر دیا تھا جب انہیں کیلون اسپتال میں طبی معائنہ کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔ جس وقت دونوں بھائیوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا وہ صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ حملہ آوروں لولیش، ارون اور سنی نے بھی صحافیوں کا ہی بھیس بنایا ہوا تھا اور موقع ملتے ہی دونوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تینوں حملہ آوروں کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔