نئی دہلی ، 16 اکتوبر ؛بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ابال جاری رہنے کے درمیان ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہفتے کے روز مسلسل تیسرے دن 35-35 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا۔ دارالحکومت دہلی میں آج پٹرول 35 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 105.49 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 94.22 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔
اس سے قبل پیر کو مسلسل ساتویں دن گھریلو پٹرول 30 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 35 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔
اس کے بعد دو دن تک سکون رہا لیکن اس کے بعد سے قیمتوں میں اضافہ کا دور شروع ہوگیا ۔ اضافے کے بعد ممبئی میں پٹرول 111.43 روپے اور ڈیزل 102.15 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں پٹرول 114.09 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 103.40 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک ساتھ سنچری بنانے کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ رانچی میں پٹرول 99.92 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 99.44 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے تاہم رانچی میں پٹرول اب بھی پورے ملک میں سب سے سستا ہے۔