نئی دہلی،6 نومبر ؛ بین الاقوامی بازار میں کل تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ہی گھریلو سطح پر سرکاری تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی نہیں کی۔ جس کی وجہ سے دارالحکومت دہلی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں لگاتار دوسرے دن بھی مستحکم رہیں۔
دیوالی کے موقع پر مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5 اور 10 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی، جس سے ملک میں اس کی قیمتیں کم ہوگئیں۔ اس کے بعد اتر پردیش، کرناٹک سمیت ملک کی 22 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے ان دونوں ایندھنوں پرویٹ کم کر دیا جس کی وجہ سے متعلقہ ریاستوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید نیچے آگئی ہیں۔
تاہم، 14 غیر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی والی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ویٹ کو کم نہیں کیا گیا ہے۔ دہلی حکومت کی جانب سے ویٹ میں کمی نہ کرنے کی وجہ سے دہلی میں اس کی قیمت کل کی سطح پر مستحکم ہے۔ دہلی میں کل پٹرول 6.07 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 11.75 روپے سستا ہوا ہے۔ اس کمی کے بعد راجدھانی میں پٹرول 103.97 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 86.67 روپے فی لیٹر پر آ گیا ہے۔
اتر پردیش حکومت کی طرف سے ویٹ میں کمی کی وجہ سے دہلی این سی آر کے نوئیڈا میں پٹرول 5.91 روپے سستا ہو کر 95.51 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 30 پیسے سستا ہو کر 87.01 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔