نئی دہلی، 26 نومبر ؛ہندوستان اورامریکہ سمیت بڑی معیشتوں کے اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے تیل جاری کرنے کے اعلان کا اثر آج بین الاقوامی بازار پر نظر آیا جہاں خام تیل میں دو فیصد سے زیادہ کی گراوٹ درج کی گئی لیکن مقامی سطح پر آج مسلسل 22 ویں دن گھریلو سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ سرکاری تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو مستحکم رکھا۔
تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے پیداوار نہ بڑھانے کے بعد ہندوستان اور امریکہ نے اپنے اسٹریٹجک ذخائرسےخام تیل کو نکالنے کا اعلان کیا ہے ۔ چین، جاپان اور جنوبی کوریا سے بھی اسٹریٹجک ذخائر سے تیل جاری کرنے کی اپیل کی ہے ۔ ہندوستان 50 لاکھ بیرل تیل جاری کرے گا ۔ ہندوستان کے اسٹریٹجک تیل کے ذخائر 3.8 کروڑ بیرل ہیں اوریہ ملک کے مشرقی اور جنوبی ساحل پر واقع ہیں ۔ اس اعلان کے بعد تیل کی قیمتوں پر کچھ دباؤ نظر آیا کیونکہ بین الاقوامی منڈی میں ان کی قیمتیں تقریباً مستحکم ہیں۔
مرکزی حکومت کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل پرایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5 روپے اور 10 روپے فی لیٹر کی کمی کرنے سے ملک میں اس کی قیمتوں میں کمی آئی تھی ۔ اس کے بعد اتر پردیش، کرناٹک سمیت ملک کی 22 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے ان دونوں مصنوعات پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس ( وی اے ٹی) میں کمی ہے ۔ اس سے متعلقہ ریاستوں میں ان دونوں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے۔