منیلا ، 5 جولائی (یو این آئی / اسپوٹنک) فلپائن میں فوجی طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 ہوگئی اور 49 دیگر زخمی ہوگئے۔
اے بی ایس سی بی این نے مسلح افواج کے ترجمان کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی ہے۔
میجر جنرل ایڈگارڈ اریالو نے پیر کے روز بتایا کہ حکام نے باقی 5 لاپتہ فوجیوں کی لاشیں نکال لی ہیں ، جس سے طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 47 جوان اور تین عام شہری شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہوائی جہاز کے حادثے میں 49 جوان اور چار عام شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل یہ اطلاع ملی تھی کہ اس حادثے میں 45 جوان ہلاک ہوگئے ہیں اور 42 دیگر زندہ بچ گئے ہیں۔
فلپائنی آرمی سی -130 ہرکیولس طیارے میں 80 سے زیادہ افراد سوار تھے۔ یہ طیارہ اتوار کے روز رن وے پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا۔