نئی دہلی ، 28 نومبر (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کسانوں کو دہلی آنے سے روکنے کے لئے فوج کے استعمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ’جئے جوان جئے کسان‘ نعرہ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ملک کے کسان اورجوان کو آمنے سامنے کردیا ہے۔
مسٹر گاندھی نے دہلی جانے پرمصر ایک کسان کی فوج کے جوان کے ہاتھوں پٹائی کی تصویر ٹوئٹ کی ہے اور کہا ہے کہ کسان کے خلاف کھڑے فوجی کی یہ تصویر انتہائی افسوسناک ہے۔
مسٹر گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’انتہائی افسوسناک تصویر۔ ہمارا نعرہ تو’جئے جوان جئے کسان‘ تھا لیکن آج وزیر اعظم مودی کے گھمنڈ نے جوان کو کسان کے خلاف کھڑا کردیا۔ یہ بہت خطرناک ہے۔
‘‘
مسز واڈرا نے کہا’’بی جے پی حکومت میں ملک کا نظام دیکھیں۔ جب بی جے پی کے کھرپ پتی دوست دہلی آتے ہیں تو ان کیلئے سرخ قالین بچھایا جاتا ہے۔ لیکن کسانوں کے دہلی آنے کا راستہ کھودا جارہا ہے۔ انہوں نے کسانوں کے خلاف قانون بنائے،وہ ٹھیک ، لیکن سرکار کو اپنی باتیں سنانے کسان دہلی آئے تو وہ غلط ‘‘