آسٹریلیا نے اپنے بینک کے نوٹ سے برطانوی ملکہ کی تصویر ہٹا دی۔
اطلاعات کے مطابق اسٹریلیا نے اپنے پانچ ڈالر کے نوٹ سے برطانوی ملکہ کی تصویر ہٹانے کے بعد اُس پر موجودہ برطانوی بادشاہ چارلس تھری کی تصویر کے بجائے اُس پر ایسے نئے ڈیزائن کو نقش کر دیا ہے جو ابتدائی آسٹریلین باشندوں کی ثقافت اور تاریخ کی عکاسی کرتا ہے۔
ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے چارلس سوم نے شاہی مملکت کی باگ ڈور سنبھالی ہے لیکن آسٹریلین حکومت نے پانچ ڈالر کے نوٹ پر ان کی تصویر نہیں ابھاری اور اب آسٹریلیا کے کسی بھی نوٹ پر برطانوی شہنشاہ کی تصویر نہیں بچی ہے۔
آسٹریلیا کے سینٹرل بینک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نوٹ سے بادشاہ کی تصویر ہٹا کر نئے ڈیزائن کو اپنانے کے ان کے فیصلے کو بائیں بازو کی لیبر گورنمنٹ کے وزیر اعظم انتھونی البانیز کی حمایت حاصل تھی جو آسٹریلین جمہوریہ پر منتقلی کی سوچ کے حامی ہیں۔ بینک کا کہنا ہے کہ اُس نے اس کام کے لئے بہت سے لوگوں سے مشورہ بھی کیا۔
دوسری جانب برطانوی بادشاہت برقرار رہنے کی حامی تحریک، آسٹریلین مونارک لیگ نے اس فیصلے کی مذمت کی ہے۔ آسٹریلیا کے تمام بینک کے نوٹوں پر برطانوی بادشاہت کی تصاویر انیس و تیئس سے موجود رہی ہیں اور اس سلسلے میں پہلی تبدیلی انیس و ترپن میں اس وقت عمل میں آئی تھی جب ملکہ الزابتھ کی تاج پوشی ہوئی تھی۔