لکھنؤ : کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو پیش نظر رکھتے ہوئے شمالی ریلوے نے لکھنؤ ڈیویزن کے ۱۴؍اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت ۵۰۰ فیصد بڑھادی ہے۔
اسٹیشن پر داخلے کےلئے دس روپئے میں ملنے والا پلیٹ فارم ٹکٹ اب ۵۰ روپئے میں دیا جائے گا۔ بدھ کے روز دوپہر ۲ بجے سے چارباغ ریلوے اسٹیشن پر پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت اچانک ۵۰ روپئے کردی گئی ہے
۔ اس سے اسٹیشن پر مسافروں کو چھوڑنے آئے ان کے کنبے والوںکو کافی پریشانیاں ہوئیں۔
کورونا کے اثرات سے بچنے کےلئے اسٹیشنوں پر بھیڑ کو کم کرنے کے سلسلہ میں شمالی ریلوے نے چارباغ سمیت کئی اسٹیشنوں پر پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت بڑھائی ہے۔
شمالی ریلوے کے سینئر ڈیویزنل کمرشیل منیجر جگتوش شکلا کے مطابق اے ون زمرے کے چارباغ اور وارانسی ریلوے اسٹیشن سمیت کسی زمرے کے ۱۲؍اسٹیشنوں کو شامل کیا گیا ہے جہاں پر مسافروں کی زیادہ بھیڑ لگتی ہے۔
ان میں اناؤ، بارہ بنکی، فیض آباد، اجودھیا، اکبرپور، شاہ گنج، جونپور جنکشن، پرتاپ گڑھ، سلطانپور، رائے بریلی، جنگھئی اور بھدوہی اسٹیشن شامل ہیں۔ جگتوش شکلا کےمطابق فی الحال ۱۸؍مارچ سے ۳۰؍اپریل تک مذکورہ اسٹیشنوں پر پلیٹ فارم ٹکٹ ۵۰ روپئے قیمت میں ملیں گے۔
شمال مشرقی ریلوے کے چار اسٹیشنوں پر بھی دیر رات پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمتیں بڑھادی گئیں۔ این ای آر کے افسران کے مطابق لکھنؤ جنکشن، گورکھپور، بستی اور گونڈہ اسٹیشنوںپر بدھ کے روز رات بارہ بجے سے پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔ جمعرات کے روز سے مسافروں کو ان اسٹیشنوں پر داخلہ کےلئے مہنگے پلیٹ فارم ٹکٹ خریدنے پڑیں گے۔