نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو کورونا وائرس پر ایک بار پھر سے مکل کو خطاب کیا۔ وزیراعظم مودی (PM Narendra Modi) نے اس دوران بڑا اعلان کرتے ہوئے آج رات 12 بجے ختم ہو رہےلاک ڈاون کو 3 مئی تک کےلئے بڑھا دیا ہے۔ اس سے قبل 24 مارچ کو ملک میں 21 دنوں کے لاک ڈاون کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزیراعظم مودی نےکہا کہ سبھی کی طرف سے مشورے آئے ہیں کہ لاک ڈاون کو بڑھایا جائے۔ سبھی کے مشووں کو دھیان میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہےکہ لاک ڈاون کو تین مئی تک کےلئےبڑھایا جائے۔ سبھی لوگ نظم و ضبط کے ساتھ گھروں میں رہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے مزید کہا، ’جب ہمارے یہاں کورونا کے صرف 550 معاملے تھے، تبھی ہندوستان نے 21 دنوں کے مکمل لاک ڈاون کا ایک بڑا قدم اٹھا لیا تھا۔ ہندوستان نے پریشانی بڑھنےکا انتظار نہیں کیا، بلکہ جیسے ہی پریشانی نظرآئی، اسے تیزی سے فیصلے لےکر اسی وقت روکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا، ’آج پوری دنیا میں کورونا عالمی وبا کی جو حالت ہے۔
آپ اسے بہتر طریقے سے جانتے ہیں۔ دیگر ممالک کے مقابلے، ہندوستان نے کیسے اپنے یہاں انفیکشن کو روکنے کی کوشش کی۔ آپ اس کے معاون بھی رہے ہیں اور گواہ بھی۔
وزیراعظم نریندر مودی نےکہا کہ آئندہ ایک ہفتے میں کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں سختی مزید بڑھائی جائے گی۔ 20 اپریل تک ہر تھانے، ہرضلع، ہر ریاست پر باریکی سے نظر رکھی جائےگی کہ لاک ڈاون کا کتنا عمل ہورہا ہے؟ اس کا جائزہ لیا جائےگا، جو کامیاب ہوں گے، جو ہاٹ اسپاٹ نہیں بڑھنے دیں گے۔
وہاں پر 20 اپریل سے کچھ ضروری چیزوں میں رعایت دی جا سکتی ہے، لیکن یاد رکھئے، یہ اجازت شرطوں کے ساتھ ہوگی۔ لاک ڈاون کے ضابطے اگر ٹوٹتے ہیں تو پوری اجازت واپس لے لی جائےگی۔
وزیراعظم نریندر مودی نےکہا کہ اگر صرف اقتصادی نظریے سے دیکھیں تو ابھی یہ مہنگا ضرورلگتا ہے، لیکن ہندوستانی باشندوں کی زندگی کے آگے اس کا کوئی موازنہ نہیں ہوسکتا۔ محدود وسائل کے درمیان، ہندوستان جس راستے پر چلا ہے، اس راستے کی چرچا آج پوری دنیا میں ہورہی ہے۔ ان سب کوششوں کے درمیان، کورونا جس طرح پھیل رہا ہے، اس نے پوری دنیا کے طبی ماہرین اورحکومتوں کو مزید محتاط کردیا ہے۔