وارانسی پہنچے پی ایم مودی، گینگ ریپ معاملے میں سخت کارروائی کرنے کو کہا
بیان کے مطابق، “انہوں نے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔”
وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کی صبح وارانسی کے ایک دن کے دورے پر پہنچے اور اپنے پارلیمانی حلقے میں ہونے والے اجتماعی عصمت دری کے معاملے کے بارے میں تفصیلی معلومات لیں۔ انہوں نے حکام سے کہا کہ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ یہ اطلاع اتر پردیش حکومت کے ایک بیان میں دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وارانسی کے ہوائی اڈے پر اترنے والے وزیر اعظم کو پولیس کمشنر، ڈویژنل کمشنر اور ضلع مجسٹریٹ نے شہر میں عصمت دری کے حالیہ واقعہ کے بارے میں بریفنگ دی۔
بیان کے مطابق، “انہوں نے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔”
یہ معاملہ چھ دنوں کے دوران 23 افراد کے ذریعہ 19 سالہ خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی عصمت دری سے متعلق ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم متاثرہ کو نشہ آور چیز پلا کر مختلف ہوٹلوں میں لے گیا جہاں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ پیر تک چھ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔