نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو جنوبی افریقہ کے جوہانسبرگ میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے روانہ ہوئے، جہاں وہ ہندوستان اور گلوبل ساؤتھ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
جنوبی افریقہ کی میزبانی میں یہ سربراہی اجلاس 21 سے 23 نومبر 2025 تک منعقد ہو گا۔ اس سربراہی اجلاس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب افریقی براعظم میں جی 20 سربراہی اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔
لگاتار چوتھی مرتبہ گلوبل ساؤتھ G20 میٹنگ کی میزبانی کررہا ہے (“گلوبل ساؤتھ” ایک اصطلاح ہے جو بنیادی طور پر افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکہ کے ممالک سے مراد ہے)۔
اس سے قبل انڈونیشیا، بھارت اور برازیل نے سربراہی اجلاس منعقد کیا تھا۔ جنوبی افریقہ سے پہلے G20 کی صدارت برازیل (2024)، ہندوستان (2023) اور انڈونیشیا (2022) کے پاس تھی۔ اطلاعات کے مطابق پی ایم مودی جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کی دعوت پر چوٹی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔
21 سے 23 نومبر تک منعقد ہونے والی چوٹی کانفرنس میں شرکت سے پہلے پی ایم مودی نے کہا کہ یہ سربراہی اجلاس، افریقی براعظم میں ہونے والا پہلا جی 20 سربراہی اجلاس ہے جو اہم سنگ میل ہوگا۔
2016 میں ان کے دو طرفہ دورے اور 2018 اور 2023 میں دو برکس سربراہی اجلاسوں کے بعد، پی ایم مودی کا جنوبی افریقہ کا یہ چوتھا سرکاری دورہ ہوگا۔
نئے اقدامات پر اتفاق
وزارت خارجہ کے سکریٹری سدھاکر دلیلا کے مطابق، جی ٹوئنٹی ایک اہم فورم ہے، جہاں گزشتہ اجلاس میں، ممالک نے اتفاق رائے سے اعلانات کرنے، پائلٹ پروجیکٹس شروع کرنے اور گلوبل ساؤتھ کو متاثر کرنے والے متعدد مسائل پر نئے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔
سدھاکر دلیلا نے مزید کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ یہ بات چیت برازیل کی صدارت میں آگے بڑھی ہے۔ پورے سال کے دوران، ان علاقوں میں مختلف ٹریکس پر بہت سی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ اس لیے، ہمیں بہت خوشی ہے کہ گلوبل ساؤتھ کے لیے اہم مسائل پر بات چیت اور روشنی ڈالی جا رہی ہے۔
اس سال کی تھیم
جی ٹوئنٹی بڑی معیشتوں پر مشتمل ہے جو عالمی جی ڈی پی کا 85 فیصد اور بین الاقوامی تجارت کا 75 فیصد ہے۔ فورم نے جنوبی افریقہ کی صدارت کے موضوع کے تحت ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی ہے “یکجہتی، مساوات، پائیداری”۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور جنوبی افریقہ جمہوریت ہیں اور ان کے تعاون کے تین ستون ہیں جن میں سے ایک سیاسی تعاون ہے۔ افریقی یونین، جو ہندوستان کی 2023 کی صدارت کے دوران جی ٹوئنٹی کی مستقل رکن بنی تھی، سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔