نئی دہلی،28فروری(یواین آئی)وزیراعظم نریندر مودی نے سال 2019 کے عام انتخابات کو عوام کی امیدوں کو پورا کرنےوالا بتاتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ اس میں انتخاب کرنے میں تھوڑی سی بھی چوک سے ترقی کی رفتار رک سکتی ہے،بدعنوانی میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ملک پیچھے جاسکتا ہے۔
مسٹر مودی نے ’نمو ایپ‘ کے ذریعہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سال 2014کا عام انتخابات لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کا تھا اور گزشتہ پانچ سال کے دوران انہیں پورا کیاگیا جبکہ 2019کا عام چناؤ لوگوں کی امیدوں کو پورا کرنے کا ریفرنڈم ہوگا۔یہ تیزی سے ترقی کی اڑان بھرنے کا چناؤ ہوگا جس سے ملک دنیا کی پانچ معیشتوں میں شامل ہو۔
انہوں نے الزام لگایا کہ 2014سے پہلے ایسی حکومت تھی جو بدعنوانی میں ڈوبی ہوئی تھی اور پالیسی انجماد کی شکار تھی۔لوگ مہنگائی سے پریشان تھے۔بی جےپی نے بدعنوانی سے پاک حکومت دی جس نے مہنگائی کو دو سے تین فیصد پر کنٹرول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
مسٹر مودی نے واجپئی حکومت کے کام کاج کا ذکر کرتےہوئے کہا کہ اس حکومت کے جانےکے بعد ترقیاتی کام تھم گئے تھے اور ملک پیچھے چلا گیا تھا۔سکیورٹی جانچ کمزور ہوگئی تھی،رافیل طیارہ سودا رک گیا تھا اور بنیادی سہولیات کی توسیع میں خلل پڑ سکتی تھی۔