گاندھی نگر، 18 جنوری (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے آج گجرات کی اقتصادی راجدھانی احمد آباد کو سیاسی راجدھانی گاندھی نگر سے جوڑنے والے احمد آباد میٹرو ریل پروجیکٹ کے فیز 2 اور ہیرا نگری سورت کے میٹرو پروجیکٹ کا نئی دلی سے ویڈیو کانفرنسننگ کے ذریعہ بھومی پوجن کیا 5384 کروڑ روپے کی لاگت والے 28.25 کلومیٹر طویل احمد آباد میٹرو پروجیکٹ کے فیز۔ 2 یعنی دوسرے مرحلے کو مارچ 2024 تک مکمل کرنے کا نشانہ رکھا گیا ہے۔
اس کے تحت دو کوریڈور ہوں گے۔ پہلا 22.8 کلو میٹر طویل ہوگا اور یہ احمد آباد واقع دنیا کے سب سے بڑے موٹیرا اسٹیڈیم سے گاندھی نگر کے مہاتما مندر کو جوڑے گا۔ دوسرا 5.4 کلو میٹر طویل ہوگا اور گجرات نیشنل لا یونیورسٹی یعنی جی این ایل یو کو ہندوستان کے پہلے بین الاقوامی مالیاتی خدمات کے مرکز (آئی ایف ایس سی) گفٹ سٹی سے جوڑے گا۔
میٹرو پروجیکٹ کا کام مرکز اور گجرات حکومت کی پچا س پچاس فیصد حصے داری والے کے مشترکہ پروجیکٹ گجرات میٹرو ریل کارپوریشن (جی ایم آر سی) کرتی ہے۔
سورت کے میٹرو پروجیکٹ گجرات میں احمد آباد کے بعد دوسرا ایسا پروجیکٹو ہوگا۔ اس کی کل لمبائی 40.35 کلو میٹر اور کل لاگت 12020 کروڑ روپے ہوگی۔ اس کے تحت 6 زیر زمین اسٹیشن بھی ہوں گے۔ اس کے تحت دو گلیارے یعنی کوریڈور ہوں گے۔ 21.61 کلو میٹر طویل پہلا کوریڈور سرتھانہ کو ڈریم سٹی سے جوڑے گا جبکہ 18.74 کلو میٹر طویل دوسر اکوریڈور بھیسان سے سرولی تک ہوگا۔ اسے بھی 2024 تک پورا کرنے کا نشانہ رکھا گیا ہے۔
مسٹر مودی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ان پروجیکٹ سے گجرات اور اس کے دو اہم تجارتی مراکز احمد آباد اور سورت کی ترقی کو رفتار ملے گی۔ انہوں نے ان کی حکومت کی جانب سے ملک اور گجرات کی ترقی کے لئے نافذ کیے گئے مختلف پروجیکٹوں اور ان سے ہونے والے فائدوں کے بارے میں بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔