نئی دہلی، 6 فروری (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ ان کی حکومت لکیر سے ہٹ کر اور نئی لکیر بناکر تیز رفتاری سے کام رہی ہے اور عوام نے جس اعتماد کے ساتھ انہیں اقتدار سونپا ہے اس پر کھرا اترنے کے لئے تمام زیر التوا کاموں کو پوری رفتار کے ساتھ پورا کر رہی ہے۔
مسٹر مودی نے لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر تحریک شکریہ پر تین دن تک جاری رہنے والی بحث کا جواب دیتے ہوئے ہندی کے مشہور شاعر سریشور دیال سکسینہ کی ایک نظم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ لیک پر چل کر کام نہیں کرتے بلکہ نئے انداز میں اور عوامی جذبات کے مطابق کام کرنے پر بھروسہ کرتے ہیں لہذا لیک سے ہٹ کر چلتے ہیں۔
انہوں نے اپنی تقریر کے آغاز میں ہی اپنے کام کو لے کر مسٹر سکسینہ کی شاعری کو سرچشمہ بتایا اور نظم پڑھی -’’لیک پر وہ چلیں ،جن کے چرن دربل اور ہارے ہوں، ہمیں تو، جو ہماری یاترا سے بنیں ، ایسے اَنرمت پتھ ہی پیارے ہیں‘‘۔