نئی دہلی : صدر جمہوریہ رام ناتھ كووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے کشی نگر میں ہوئے حادثے پر آج گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر كووند نے ٹویٹ کیا ’’ کشی نگر ( اتر پردیش) میں معصوم بچوں کو لے جا رہی بس حادثے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ہے۔ میری تعزیت اور دعائیں سوگوار کنبوں اور زخمی افراد خاص طور پر بچوں کے ساتھ ہے‘‘۔
مسٹر مودی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تیاری میں مشغول بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان اور امیدواروں سے ’نمو ایپ‘ کے ذریعےگفتگو کرتے ہوئے کشی نگر حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’اس حادثے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ متاثرہ خاندانوں کے تیئں میری تعزیت۔ مجھے امید ہے یوپی حکومت اور ریلوے انتظامہ اس حادثے کی تحقیقات کرائے گی‘‘۔
واضح رہے کہ کشی نگر کے بشن پورا علاقے میں آج صبح ایک اسکول بس بغیر گارڈ والے ریلوے گراسنگ پر ٹرین سے ٹکرانے کی وجہ سے ڈرائیور سمیت 13 بچے ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے جس میں تین کی حالت تشویشناک ہے۔