جموں/سری نگر، 3فروری (یو ا ین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز جموں وکشمیر کے اپنے ایک روزہ دورے کے دوران یہاں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا۔ انہوں نے جموں اور سری نگر میں اہم ایمز پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اتوار کی صبح لداخ سے ریاست جموں وکشمیر کا دور ہ شروع کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لیہہ میں کوشک باکولا رنپوچے ائیر پورٹ میں نئے ٹرمنل بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھا۔
یہ عمارت 11.8 ایکڑ اراضی پر 480کرو ڑروپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔ اس میں 18 چک اِن کاﺅنٹر ، دو اریول بیگیج کورو زلز ، تین مسافروں کے لئے بوڈنگ برج جس میں 200کاروں کو پارک کرنے کی گنجائش موجود ہوگی۔ نئے ائیر پورٹ ٹرمنل کو اے 320 اور بی 737 ائیر کرافٹوں کو رکھنے کے لئے وسعت دی جائے گی۔
وزیر اعظم نے220کے وی سنگل سرکٹ سری نگر ۔ آلسٹینگ ۔ دراس۔ کرگل ۔کھلسی ۔ لیہہ ٹرانسمیشن نظام کے ذریعے لداخ کو نیشنل گرڈ کے ساتھ جوڑنے کے عمل کا بھی افتتاح کیا۔ تاکہ خطے میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ اس اہم پروجیکٹ کی سنگ بنیاد وزیر اعظم نے اگست 2014ءمیں رکھی تھی۔یہ ٹرانسمیشن نظام پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا نے 2361.60کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا ہے۔
وزیر اعظم نے لداخ میں 9 میگاواٹ ہائیڈوالیکٹرک پروجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔ یہ پروجیکٹ95کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور علاقے کے 6دیہات اس پروجیکٹ کی بدولت مستفید ہوں گے۔ وزیر اعظم نے یونیورسٹی آف لداخ ایکٹ 2018کے تحت یونیورسٹی آف لداخ قائم کرنے کا بھی آغاز کیا۔ یہ ایک کلسٹر یونیورسٹی ہوگی جس میں نوبرا، لیہہ ، زانسکار ، کرگل ، دراس اور کھلسی کے ڈگری کالج شامل ہوں گے۔اس یونیورسٹی کے اِنتظامی دفاتر لیہہ اور کرگل میں قائم ہوں گے۔