لوک سبھا انتخابات سے پہلے وزیر اعظم مودی نہ صرف جگہ- جگہ ریلیاں کر رہے ہیں، بلکہ ٹی وی چینلوں پر انٹرویو بھی دے رہے ہیں۔ ایک پرائیویٹ چینل کو دئے انٹرویو میں وزیر اعظم مودی نے گاندھی خاندان سے لے کر رام مندر اور مسلمانوں تک پر کھل کر اپنی بات رکھی۔
جب وزیر اعظم مودی سے پوچھا گیا کہ ان کا مسلمانوں سے کیا رشتہ ہے تو انہوں نے کہا، ’’ جب سچر کمیٹی کی رپورٹ آئی تھی تب بھی مجھ سے یہی سوال پوچھا گیا تھا۔ اس وقت میں نے جواب دیا تھا، ’’ میں صرف مسلمانوں کے لئے کچھ نہیں کرتا، نہ ہی ہندووں کے لئے کرتا ہوں۔ میں صرف گجرات کے لوگوں کے لئے کرتا ہوں۔ اور اب بھی میرا جواب یہی ہے کہ میں ہندووں یا مسلمانوں کے لئے نہیں کرتا، بلکہ سبھی لوگوں اور اپنے ملک کے لئے کرتا ہوں‘‘ ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں جو بھی اسکیمس لاتا ہوں وہ سبھی لوگوں کے لئے ہیں، وہ صرف ہندو یا صرف مسلمانوں کے لئے نہیں ہیں‘۔ انہوں نے کہا، ’ جب میں کہتا ہوں کہ 2022 تک سب کے پاس پکا گھر ہوگا تو میں ہر خاندان کی بات کرتا ہوں کسی خاص طبقہ کی نہیں‘۔