پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں روسی سفیر کے منہ پر یوکرین جنگ کے مخالف مظاہرین نے سرخ رنگ پھینک دیا۔
خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولینڈ میں روسی سفیر سارگے اندریو وارسا کے ایک قبرستان میں دوسری جنگ عظیم میں مرنے والے روسی فوجیوں کی قبروں پر پھول چڑھا رہے تھے۔
ہر سال 9 مئی کو دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کی شکست کی یاد میں یوم فتح منایا جاتا ہے، رواں سال یہ تقریبات ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب یوکرین میں روس کی فوجی مہم تیسرے مہینے میں داخل ہو رہی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ وارسا میں سوویت فوجیوں کے قبرستان میں پھولوں کی چادر چڑھانے کے دوران پولینڈ میں روسی سفیر سارگے آندریو اور ان کے ساتھ موجود روسی سفارت کاروں پر حملہ کیا گیا۔