ہالینڈ کی پولیس نے ایمسٹرڈم یونیورسٹی میں فلسطین کے حامی طلباء پر لاٹھی چارج کیا ہے۔ روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایمسٹرڈم یونیورسٹی میں فلسطین کے حامی طلباء نے بینچوں، لکڑی کے تختوں اور اینٹوں سے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں اور انہوں نے آگ بجھانے والے آلات کے ذریعے پولیس کو کارروائی کرنے سے روکنے کی کوشش کی ،
لیکن پولیس نے ان پر ڈنڈے برسائے اور ان کی کھڑی کردہ رکاوٹوں کو ہٹا دیا۔ جن سینکڑوں مظاہرین کو پولیس نے یونیورسٹی کیمپس سے باہر نکال دیا تھا انہوں نے آس پاس کی سڑکوں پر نعرے لگائےاور پولیس کو مخاطب کر کے نعرہ لگایا کہ تمہیں شرم آنی چاہئے۔
منگل کے دن بھی ایمسٹرڈم یونیورسٹی میں متعدد مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔ پولیس نے ایک سو انہتر مظاہرین کو گرفتار کر لیا تھا۔
غزہ پٹی پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو سات مہینے ہوچکے ہیں اس دوران عالمی سطح پر صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت کا سلسلہ جاری رہا اور اب ان کا دائرہ دنیا بھر کی یونیورسٹیوں تک پھیل چکا ہے۔