دیوبند : لاک ڈاؤن میں بغیر اجازت ہو رہی ایک شادی کی تقریب میں اس وقت افرا تفری کا ماحول بن گیا جب مہمانوں کے ساتھ ساتھ پولیس بھی شادی کی تقریب میں پہنچ گئی ،حالانکہ پولیس نے بغیر ماسک لگائے دلہن کے والد سے500روپے کا جرمانہ وصول کرتے ہوئے تقریب میں موجود لوگوں کو وارننگ دیکر چھوڑ دیا ۔
اطلاع کے مطابق شہر کے محلہ پٹھانپورہ میں مظفر نگر سے بارات آئی تھی ،باراتیوں کو کھانا کھلانے کی تیاری چل ہی رہی تھی کہ اسی دوران ایس ڈی ایم دیوندر پانڈے و سی او چوب سنگھ پولیس ٹیم کے ساتھ وہاں پہنچ گئے ،جس کے سبب باراتیوں اور دلہن فریق میں افرا تفری کا ماحول بن گیا ،پولیس نے دلہن کے والد سے شادی کی پرمیشن دکھانے کے لئے کہا تو وہاں خاموشی چھا گئی ،اتنا ہی نہیں دلہن کے والد نے منہ پر ماسک بھی نہیں لگایا ہوا تھا ،جس پر پولیس نے ان سے 500روپے کا جرمانہ وصول کیا اور انتباہ دیتے ہوئے چھوڑ دیا ۔جس کے بعد دیر شام بارات دلہن کو لیکر مظفر نگر واپس لوٹ گئی ۔ایس ڈی ایم دیوبند دیوندر کمار پانڈے نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں 30/35 لوگ شامل ہوئے تھے دلہا فریق پر آنے جانے کی پرمیشن تھی لیکن دلہن فریق نے کوئی پرمیشن نہیں لی ہوئی تھی ،جس پر سبکو وارننگ دیکر چھوڑ دیا گیا ہے ساتھ ہی دلہن کے والد سے منہ پر ماسک نہیں لگانے پر 500روپے کی رقم جرمانے کے طور پر وصول کی گئی ہے ۔واضح ہوکہ قریب ۷۰ دنوں سے پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کی وجہ سے ہرطرح کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے،لیکن ضروری شادی بیاہ ودیگر کاموں کیلئے مجاز افسر ڈی ایم اور ایس ڈی ایم سے اجازت لے کر ۵۰آدمی کسی بھی شادی تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں۔