نئی دہلی، 24 دسمبر ( یواین آئی) شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ پر ’ستیہ گرہ‘ کرنے کے ایک دن بعد آج کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اترپردیش کے میرٹھ میں اس کی مخالفت کے دوران جان گنوانے والے افراد کے اہل خانہ سے ملنے گئے لیکن پولیس نے انہیں شہر میں گھسنے سے پہلے ہی روک دیا۔
کانگریس ہیڈکوارٹر سے منگل کے روز موصولہ اطلاع کے مطابق مسٹر گاندھی اور ان کی بہن محترمہ واڈرا ایک ہی کار سے احتجاجی مظاہروں میں تشدد کے دوران مارے گئے افراد کے اہل خانہ سے ملنے میرٹھ جا رہے تھے لیکن پولیس نے انہیں میرٹھ سے چند کلومیٹر پہلے پرتا پور میں ہی روک دیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ مسٹر گاندھی اور محترمہ واڈرا نے پولیس افسران سے پوچھا کہ انہیں کیوں روکا جا رہا ہے، پولیس حکام نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا اور کہا کہ شہر میں کئی مقامات پر دفعہ 144 نافذ ہے ۔اس پر مسٹر گاندھی نے کہا کہ وہ تین لوگ ہی جا رہے ہیں اس کے باوجود انہیں بھی آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔