نئی دہلی، 4 ستمبر (یو این آئي) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ پولس افسران کو ہمیشہ اپنی وردی کے وقار کو برقرار رکھنا چاہئے اور کورونا وائرس کی وبا کے دوران پولس کا انسانی چہرہ اچھے کاموں کے ساتھ عوام کے سامنے آیا ہے، جو طویل عرصے سے ان کے ذہن میں رہے گا۔
مسٹر نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولس اکیڈمی میں انڈین پولس سروس (آئي پی ایس) کے زیر تربیت اہلکاروں کے کنوکیشن پریڈ میں حصہ لیا اور مستقبل کے پولس افسران سے اپنے خطاب میں یہ اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولس کو ہمیشہ اپنی وردی پر فخر ہونا چاہئے اور اس کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ وزیر اعظم نے کہا اپنی وردی کا وقار کم نہ ہونے دیں۔ کورونا وائرس کی وبا کے دوران لوگوں نے خاکی وردی کا انسانی چہرہ دیکھا ہے جو کوروناوائرس کی وبا کے دوران اچھے کام کی وجہ سے طویل عرصے تک ان کے ذہن میں پیوست رہے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پولیس افسران کو باریکی سے کام کرنے پر توجہ دینی ہوگی، اس کے لئے کام کی باتوں پر توجہ دینی ہوگی اور بے معنی چیزوں سے صرف نظر کرنا ہوگا۔