لکھنؤ: سماجوادی پارٹی(ایس پی) سربراہ و سابق وزیراعلی اکھلیش یادو نے ریاست میں نظم ونسق پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جرائم پیشہ افرا د کے حوصلے اتنے بلند ہیں کہ آگرہ میں اسکول سے لوٹ رہی طالبہ کو دن دہاڑے جلا دیا جاتا ہے ۔
مسٹر یادو نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا‘‘ ریاست میں ایک گھنٹے میں طالبہ کے ساتھ عصمت دری اور دوسری کے ساتھ پٹرول ڈال کر زندہ جلانے کے واقعات اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ ملزموں کو حوصلے کتنے بلند ہیں۔ ایسا دو ہی وجہوں سے ہوسکتا ہے یا تو شرپسند عناصر حکومت سے بالکل بھی خائف نہیں ہیں یا پھر انہیں حکومت کی سرپرستی حاصل ہے ۔ایس پی سربراہ نے پہلے بھی بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست میں لاقانونیت کا دور دورہ ہے ۔ ملزموں کو حکومت کی سرپرستی حاصل ہے ۔ پارٹی کے اسمبلی لیڈر کی میٹنگ میں بھی نظم و نسق کا معاملہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مسائل سے بی جے پی منھ چھپا رہی ہے کسانوں اور نوجوانوں کے مسائل پر کوئی بحث نہیں ہوتی ہے بدعنوانی بھی ایک بڑا معاملہ ہے ریاست میں لاقانونیت کا راج ہے ایس پی اسمبلی اندروباہر اس کے خلاف جدوجہد کرے گی۔