سرسہ : انڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل ڈی) کے سپریمو اور ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اوم پرکاش چوٹالہ نے کہا کہ بی جے پی نے لوگوں کو آپس میں لڑا کر ملک میں اقتدار پر قبضہ کیا۔ انہیں نہ ملک کی فکر ہے نہ عوام سے محبت۔پیسہ کیسے وصولا جائے سازش کرتے ہیں۔
آج ملک کا ہر شہری اس حکمرانی سے آزادی چاہتا ہے ۔ بی جے پی حکومت سے آزادی کا آغاز 25 ستمبر کو ہریانہ کے سابق نائب وزیر اعظم چودھری دیوی لال کے یوم پیدائش پر کیتھل میں منعقد ہونے والی پروقار تقریب سے ہوگا۔
مسٹر چوٹالہ نے کہا کہ اس ‘اعزاز تقریب’ میں پورے ملک سے 14 سے زیادہ سیاسی جماعتوں کے لیڈر شرکت کریں گے ۔ آج میں تقریر کرنے نہیں بلکہ پروقار تقریب میں شریک ہونے والے قائدین کی تقریریں سننے کی دعوت دینے آیا ہوں۔
مسٹر چوٹالہ اتوار کو ڈبوالی روڈ پر واقع مہاراجہ پیلس میں آئی این ایل ڈی کے ضلع سطح کے کارکنوں کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔
خیال ر ہے کہ حزب اختلاف کی اتحادی جماعتوں کی تنظیم ‘انڈیا’ کے قیام کے بعد یہ کسی بھی اپوزیشن پارٹی کا پہلا جلسہ عام ہوگا جس میں مختلف جماعتوں کے اتنے بڑے رہنما شریک ہوں گے ۔
مسٹر چوٹالہ نے کہا کہ ملک کو منفی سیاسی حالات سے نجات دلانے کے لیے ہمیں چودھری دیوی لال کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کے دکھائے گئے سیاسی راستے پر چلنا ہو گا۔ انہوں نے ہریانہ کے بے روزگار لوگوں کو ملازمتیں فراہم کرنے ، بے روزگاری الاؤنس، بڑھاپے کی پنشن، گیس سلنڈر اور طلباء کو مفت تعلیم اور علاج جیسی چیزوں کا اعادہ کیا۔
اس دوران ایلن آباد کے ایم ایل اے ابھے سنگھ چوٹالہ نے کہا کہ پورے ملک کی 14 مختلف سیاسی جماعتوں کے سینئر لیڈران
25 ستمبر کو ضلع کیتھل میں منعقد ہونے والی ریاستی سطح کی یوم پیدائش ‘اعزاز تقریب’ میں شرکت کریں گے اور چودھری دیوی لال کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ ان رہنماؤں میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، سابق وزیر اعلیٰ لالو یادو، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے ، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ، ہنومان بینیوال، جنتا دل (یونائیٹڈ) کے کے سی تیاگی، سابق مرکزی وزیر اجیت سنگھ کے بیٹے جینت چودھری ، سیتارام یچوری، پنجاب کے سابق ڈپٹی سی ایم سکھبیر بادل اور ٹی ایم سی کے نمائندے شامل ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں اپوزیشن کو متحد کرنے کی بنیاد گزشتہ سال فتح آباد میں چودھری دیوی لال جینتی پر رکھی گئی تھی۔ ابھے سنگھ چوٹالہ نے کہا کہ ان کی پریورتن یاترا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے بلکہ 25 ستمبر کے بعد دوسرے مرحلے میں یاترا گاؤں گاؤں جائے گی۔
اس موقع پر آئی این ایل ڈی کے ضلعی صدر کشمیر سنگھ کری والا، سابق ایم ایل اے ڈاکٹر سیتارام، خواتین ونگ کی ریاستی جنرل سکریٹری سنینا چوٹالہ، آئی این ایل ڈی خواتین کی ریاستی صدر سمترا دیوی، ونود اروڑہ، جسوندر بندو، ابھے سنگھ کھوڑ، کرشنا فوگاٹ، ترجمان مہاویر شرما اور دھرم ویر نین سمیت کئی جماعتوں کو عہدیدار اور کارکنان موجود تھے ۔