لکھنؤ:09جولائی(یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) حکومت پر طنزکستےہوئے کہا کہ کانپور سانحہ نے اترپردیش کی بی جے پی حکومت کا چوغہ اور مکھوٹا اتار کر اس کے حقیقی چہرے کو بے نقا ب کردیا ہے۔
مسٹر یادو نے جمعرات کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ جب جرائم پیشہ افراد تھانہ چلائیں گے اور پولیس اہلکار مجرمین کےگھر سلامی دینے جائیں گے تو نظم ونسق نام کی کوئی چیز تو نہیں رہ جائےگی۔بی جے پی کی سیاست صحت مند نہیں ہے۔ وہ جھوٹ پھیلانے کی مشین ہے۔ اپوزیشن کے تئیں سازش کرنا اور اسے بدنام کرنا اس کا مطمح نظر ہے۔
سابق وزیر اعلی نے کہا کہ کانپور سانحہ نے محکمہ پولیس کے خفیہ دستے کی بھی پول کھول دی ہے ۔پہلے ایک بہیمانہ واردات اور پھر اس کے بعد ملزم کو جس طرح سے تعاون ملا وہ جگ ظاہر ہے کہ ریاست کے نظم و نسق کا کیا حال ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ کلیدی ملزم کی اجین میں جس طرح سے گرفتاری دکھائی گئی ہے وہ ایک منظم سازش کا حصہ ہے۔
انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ چار ریاستوں کی سرحدین عبور کر کے،لاک ڈوان کے دوران سیکورٹی کے انتظام کو ناکافی بتاتے ہوئے شاطر بدمعاش چھ دنوں تک پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونکتا رہا اس کے پیچھے بھی مافیا، پولیس اور اقتدار کا خفیہ تال میل رہا ہوگا۔اس لئے اس کے موبائل کی سی ڈی آر کو عام کیا جانا چاہئے تاکہ خفیہ راز کا پردہ فاش ہوسکے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ اقتدار کا غلط استعمال کرکے بی جے پی حکومت کو جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔اقتدار کی طاقت کا استعمال ریاست میں امن و امان کے قیام و ترقی میں ہونا چاہئے۔