لکھنؤ: سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے قومی جنرل سکریٹری و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت کی لاپرواہی اور تساہی سے پوری ریاست مچھروں سے پید ا ہونے والی اور متعدی بیماریوں کی زد میں ہے ۔
یادو نے کہا کہ راجدھانی لکھنؤ، گورکھپور، وارانسی، پریاگ راج، مرزاپور سمیت دیگر اضلاع میں ڈینگو، ملیریا، ٹائی فائیڈ بخار کے مریض لگاتار بڑھتے جارہے ہیں۔
ان شہری علاقوں میں سینکڑوں مریض مل چکے ہیں۔ر اجدھانی لکھنؤ میں سرکاری اعداد کے مطابق ایک ہی دن میں 23ڈینگو کے مریض ملے ہیں۔ لکھنؤ میں اب تک صرف ڈینگو کے ہی سینکڑوں مریض مل چکے ہیں۔ ڈینگو کے بڑھتے اثر سے لوگ دہشت میں ہیں۔
ایس پی صدر نے کہا کہ اسی طرح سے دیگر شہروں میں مریضوں کی تعداد میں لگاتاراضافہ ہورہا ہے ۔ شہروں میں صاف صفائی نہیں ہے ۔ مچھروں سے بچاؤ کی کوئی ترکیب نہیں ہے ۔
نگر نگم لاپرواہ بنے ہوئے ہیں۔ بارش کے موسم، پانی بھرنے اور مچھروں کے بڑھتے قہر کو دیکھتے ہوئے بھی حکومت کی کوئی تیاری نہیں ہے ۔ اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے ۔ ریاست میں ڈینگو ملیریا کے مریض سرکاری اعداد سے کئی گنا زیادہ ہیں۔ بڑی تعداد میں مریض پرائیویٹ اسپتالوں میں علامات کی بنیاد پر علاج کرانے کو مجبور ہیں۔
یادو نے کہا کہ حکومت کاشہری ترقیات اور محکمہ صحت ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھا ہوا ہے ۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے شہری ترقیات اور محکمہ صحت کو غیر فعال بنادیا ہے ۔
عوام ایک طرف بارش اور پانی بھرنے سے پریشان ہیں وہیں دوسری طرف بیماریوں اور بخار سے بحران کا سامنا ہے ۔اسپتال میں علاج کے نام پر خانہ پری ہورہی ہے ۔ سرکاری ہدایات بے اثر ہورہی ہیں۔ کئی اضلاع میں اسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں۔ بستر نہیں مل پارہے ہیں اور اسپتالوں طبی خدمات خستہ حال ہیں۔