بھوپال مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کے لئے /28 نومبر کو ہونے والی رائے دہی میں قسمت آزمانے والے اسٹار امیدوار میں مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان سے لیکر متعدد ریاستوں کو شاہی خاندانوں کے ارکان ، اعلیٰ افسران سے سیاستداں بننے والے قائدین اور ڈاکٹرس جیسے کئی اسٹار امیدوار بھی شامل ہیں ۔
مدھیہ پردیش میں گزشتہ 15 سال سے بی جے پی کی حکمرانی ہے اور 230 رکنی اسمبلی کے لئے قسمت آزمانے والوں میں متعدد عام امیدوار اور چند زنخے بھی شامل ہیں ۔ حکومت پر چوتھی میعاد کیلئے چوہان بی جے پی کا چہرہ ہیں۔ وہ ضلع سیپور کی روایتی نشست بدھانی سے مقابلہ کررہے ہیں ۔ کانگریس کے کئی اہم قائدین بشمول سابق چیف منسٹر ڈگ وجئے سنگھ ، پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ اور گونا کے رکن پارلیمنٹ جیوتر آدتیہ سندھیا بھی اسمبلی حلقوں سے مقابلہ کررہے ہیں ۔
نیز ان پر اپنے متعلقہ طاقتور گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں میں کانگریس کی فتح کو یقینی بنانے کی بھاری ذمہ داری بھی عائد کی گئی ہے ۔ مدھیہ پردیش میں 2,63,01,300 مرد ، اور 2,41,70,390 ، خواتین 389 ، تیسری جنس کے رائے دہندوں کے بشمول 5,04,95,251 ووٹرس ہیں ۔ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان اصل مقابلہ ہے ۔ ایس پی 51 ، بی ایس پی 227 اور عام آدمی پارٹی 208 نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے ۔ 2013 ء کے انتخابات میں بی جے پی کو 165 ، کانگریس کو 58 بی ایس پی کو چار نشستیں حاصل ہوئی تھیں اور تین آزاد امیدوار بھی منتخب ہوئے تھے ۔ )