بولی وڈ اسٹارپوجا بھٹ 18 سال کے وقفے کے بعد کسی فلم میں اداکاری کرنے جا رہی ہیں۔43 سالہ پوجا نے 1989 میں اپنے والد کی ہدایات میں بننے والی فلم ’ڈیڈی‘ سے اپنا کیریئر شروع کیا تھا۔
اس فلم میں پوجا نے ایک ایسی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا جو شراب نوشی کے ہاتھوں اپنی زندگی برباد کرنے والے والد کو اپنی غیر مشروط محبت اور دیکھ بھال سے بچا لیتی ہے۔
پوجا کی نئی فلم ’ڈیڈی‘ کی کہانی کا الٹ ہو گی۔ پوجا نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا ’یہ فلم ڈیڈی کی طرح ہے لیکن اس مرتبہ کہانی الٹ ہو گی‘۔
آخری مرتبہ 1998 میں مہیش بھٹ کی فلم ’زخم‘ میں کام کرنے والی پوجا نے اتنا عرصہ اداکاری نہ کرنے پر کوئی افسوس ظاہر نہیں کیا۔
’میں نے بہت زیادہ فلمیں نہیں کیں کیونکہ جب میرے والد نے ہدایت کاری کوخیر آباد کہا تو میں نے بھی اداکاری چھوڑ دی‘۔
’ نئی فلم کی کہانی میرے والد نے لکھی ہے، لہذا میں نے بھی اداکاری میں واپسی کا فیصلہ کیا‘۔
فلم کیلئے ہدایت کار ملنے کے بعد رواں سال شوٹنگ کا آغاز ہو گا۔’ہم ایک ایسا ہدایت کار ڈھونڈ رہے ہیں جو کہانی کے ساتھ انصاف کر سکے۔ میرے والد کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ وہ دوبارہ کبھی ہدایت کاری نہیں کریں گے، لہذا میں نے انہیں مجبور بھی نہیں کیا‘۔
پوجا ان دنوں ’جسم 3‘ کی ہدایات دے رہی ہیں۔