گنگٹوک، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو یہاں کہا کہ وکست بھارت کی تعمیر غریبوں، کسانوں، خواتین اور نوجوان – ان چار ستونوں پر کی جائے گی اور حکومت
پورے ملک میں انہیں مضبوط کرنے میں مصروف ہے۔
مسٹر مودی یہاں سکم ریاست کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ سکم 16 مئی کو اپنا یوم تاسیس مناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکست بھارت کے لیے ہر ریاست کی ترقی ضروری ہے۔ ہر ریاست کی اپنی خصوصیات ہوتی ہیں۔ ہم نے شمال مشرقی خطے کو ترقی کے مرکز میں رکھا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے سکم میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور ان کا سنگ بنیاد رکھا نیز کہا کہ سکم شمال مشرقی خطہ کی ترقی کی روشن کہانی بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکم میں گزشتہ ایک دہائی سے بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جس کا یہاں کے لوگ تجربہ کر رہے ہیں۔ پچھلے دس برسوں میں اس خطے میں رابطے کی سہولتیں تیار ہوئی ہیں۔ ریاست میں 400 کلومیٹر طویل قومی شاہراہیں بنائی گئی ہیں اور سینکڑوں کلومیٹر دیہی سڑکیں بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹل سیتو کی تعمیر سے بھی سکم کے رابطے میں اضافہ ہوا ہے نیز گنگٹوک اور باگڈوگرا کے درمیان سفر میں آسانی ہوئی ہے۔
سکم کے کسانوں کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ریاست نامیاتی کاشتکاری میں ملک میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے آرگینک مرچوں کی پہلی کھیپ مارچ میں بیرون ملک بھیجی گئی ہے اور مستقبل میں ایسی بہت سی مصنوعات ہیں جو بیرون ملک بھیجی جائیں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آنے والے وقت میں سکم اپنی نامیاتی طور پر تیار کی جانے والی مچھلیوں کے لیے بھی دنیا میں جانا جائے گا۔ ریاست کے سورینگ ضلع میں مرکزی حکومت کے تعاون سے آرگینک فش فارمنگ کلسٹر تیار کیا جا رہا ہے اور دنیا میں نامیاتی طریقے سے تیار کی جانے والی مچھلی کی بہت مانگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی اور سکم حکومتیں مکمل تال میل کے ساتھ ترقیاتی کاموں میں مصروف ہیں۔