گزشتہ جمعرات (9 مارچ 2023)، ویٹیکن کے ایک وفد نے، جس کی سربراہی پونٹیفیکل کونسل برائے بین المذاہب مکالمے کے صدر کارڈینل گوسوٹ کر رہے تھے، پوپ کا خط دنیا کے شیعہ مسلمانوں کی اعلی مذہبی اتھارٹی،حضرت آیت اللہ سیستانی کے دفتر تک پہنچایا۔ .
حضرت آیت اللہ سیستانی کے نام پوپ فرانسس کے خط کا مکمل متن حسب ذیل ہے:
پیارے بھائی
بہت سے سلام اور احترام کے ساتھ.
نجف میں ہماری ملاقات کے دو سال گزر جانے کے بعد ایک بار پھر آپ سے خطاب کرنے کے موقع سے فائدہ اٹھانا میری لیے خوشی کا باعث ہے، یہ ملاقات میرے لیے انتہائی قابل قدر تھی۔ بلاشبہ یہ ملاقات اقوام کے درمیان بین المذاہب مکالمے اور افہام و تفہیم کی راہ میں ایک اہم موڑ تھی۔
میں آپ کے برادرانہ مکالمے اور عراق کے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دفاع کے ساتھ ساتھ ان کی بہتری کے لیےآپ کی کاوشوں اور زندگی کے تقدس کی حفاظت اور اتحاد کی اہمیت جیسے عظیم مسائل پر آپ کی برادرانہ گفتگو اور روحانی شرکت کو یاد کرتا ہوں اور ان کی تعریف کرتا ہوں۔
جیسا کہ عراق کی جدید تاریخ بھی ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان تعاون اور دوستی نہ صرف باہمی احترام کے فروغ کے لیے ضروری ہے بلکہ اس ہم آہنگی کے لیے بھی لازم ہے جو انسانیت کی بھلائی میں معاون ہے۔
پیارے بھائی، ہم دونوں اس بات کے قائل ہیں کہ ہر فرد اور گروہ کے وقار اور حقوق کا احترام بالخصوص مذہب، فکر اور اظہار رائے کی آزادی فرد اور معاشرے کے لیے اعتماد اور قوموں کے درمیان ربط اور ہم آہنگی کا باعث ہے۔ لہٰذا، ہمیں، مذہبی رہنماؤں کی حیثیت سے، سول سوسائٹی کے عہدیداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے کہ وہ انصاف اور امن پر مبنی ثقافت کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں اور سیاسی اقدامات کو تقویت دیں جو سب کے بنیادی حقوق کا تحفظ کریں۔
درحقیقت یہ ایک ضروری مسئلہ ہے کہ انسانی خاندان آج کے چیلنجوں کے عملی جواب کے طور پر ایک بار پھر بھائی چارے اور باہمی قبولیت کے معنی کو دریافت کریں۔ لہٰذا، مختلف مذاہب کے مرد اور عورتیں جو خدا کی طرف متحد ہو کر اور متفقہ طور پر چلتے ہیں، ان کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ مشترکہ روحانی، انسانی اور سماجی اقدار کے وسیع میدان میں اکٹھے ہو جائیں اور اسے اخلاقیات اور اعلیٰ فضائل کو بڑھانے کی سمت میں قدم بڑھائیں جن کا مذاہب مطالبہ کرتے ہیں۔
میری خواہش ہے کہ ہم عیسائی اور آپ مسلمان مل کر ایک ایسی دنیا میں ہمیشہ سچائی، محبت اور امید کے گواہ بنیں جو اپنے بہت سے چیلنجوں کے لیے جانی جاتی ہے۔۔ میں اللہ تعالیٰ سے اس کی عظمت اور آپ کی برادری اور پیارے عراق کے لیے دعا کرتا ہوں۔
بشکریہ: دی ہولی سی