فوٹو ایڈیٹرز اور گرافکس کے دلدادہ افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ جلد ہی معروف کمپنی ’ایڈوب‘ اپنے فوٹو شاپ کا مفت ورژن متعارف کرائے گی۔
جی ہاں، خبریں ہیں کہ امریکی سافٹ ویئر کمپنی جلد ہی فوٹو ایڈیٹرز اور گرافکس ڈیزائنرز کے لیے فریمیم فوتو شاپ سیٹ اپ متعارف کرائے گی۔
اس وقت مارکیٹ میں فوٹو شاپ کے انکرپٹڈ ورژنز موجود ہیں، جن کے لیے صارفین کو بڑی مخز ماری کرنی پڑتی ہے، کیوں کہ ایسے ورژن کے باضابطہ استعمال کے لیے بھی کچھ خفیہ کیز کو فراہم کرنا پڑتا ہے۔
ایڈوب فوٹو شاپ کی اصل کاپی صارفین کو پیسوں سے خریدنی پڑتی ہے اور اس کی آن لائن سروسز استعمال کرنے والے صارفین بھی ماہانہ فیس ادا کرتے ہیں۔
تاہم اب کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ صارفین کے لیے ویب براؤزر ایپلی کیشن فوٹو شاپ کو مفت متعارف کرائے گی اور کمپنی نے اس کے لیے آزمائشی پروگرام بھی شروع کردیا۔
’دی ورج‘ کے مطابق ایڈوب فوٹو شاپ کے فری ورژن کی آزمائش کا پروگرام کینیڈا میں شروع کردیا گیا، جسے جلد ہی دوسرے ممالک تک پھیلایا جائے گا۔
ایڈوب فوٹو شاپ کے آزمائشی مرحلے کے بعد کمپنی اس کا ویب ورژن مفت متعارف کرائے گی، جس کے ذریعے صارفین بیسک فوٹو ایڈیٹنگ اینڈ گرافکس کے فیچرز استعمال کر سکیں گے۔
مفت ورژن میں صارفین کو محدود ٹولز تک رسائی دیے جانے کا امکان ہے، تاہم ساتھ ہی ایڈوب فوٹو شاپ فیس کے عوض اسی ہی براؤزر ایپلی کیشن پر مزید فیچر تک رسائی کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔
کمپنی کو امید ہے کہ فری ورژن متعارف ہونے اور اسے استعمال کرنے کی عادت کے بعد صارفین فیس کے عوض بھی اس کی آن لائن سہولیات استعمال کریں گے۔
خیال رہے کہ ایڈوب فوٹو شاپ کے علاوہ ’کینوا، فوٹوپیا اور پکسر‘ جیسی فوٹو شاپ ویب ایپلی کیشنز بیک فوٹو ایڈیٹنگ کی مفت سہولیات فراہم کرتی ہیں۔