وارانسی: شائد اپنے آپ میں یہ پہلا واقعہ ہوگا کہ کسی وزیر اعظم کے انتخابی حلقہ میں انکی گمشدگی کے پوسٹرس چسپاں کئے گئے ہوں۔ ویسے تو جمہوریت میں احتجاج درج کرانے کے متعدد طریقے ہوتےہیں۔ کسی وزیر اعظم کے پارلیمانی حلقے میں ایسے پوسٹر چسپاں کئے جائیں یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ بات ہو رہی ہے وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقے وارانسی کی۔
یہاں کچھ لوگوں نے وزیر اعظم اور مقامی رکن پارلیمنٹ نریندر مودی کی گمشدگی کے پوسٹر چسپاں کر دئے ہیں۔ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ پوسٹر کس کی طرف سے لگوائے گئے ہیں۔ چسپاں کیے گئے پوسٹر س میں لکھا ہے کہ وزیر اعظم مودی لا پتہ ہیں اور یہ پوسٹر لاچار ، بے بس اور مایوس کاشی واسیوں (وارانسی کے باشندگا ن ) کی جانب سے چسپاں کئے جا رہے ہیں۔
پولیس وزیر اعظم مودی کے پوسٹر لگانے والوں کی تلاش میں مصروف ہے، کئی علاقوں میں سی سی ٹی وی فوٹیج کا معائنہ بھی کیا جا رہا ہے۔پوسٹر میں لکھا ہے کہ ، ’’جانے وہ کون سا دیس جہاں تم چلے گئے‘‘۔ وزیراعظم مودی کی تصویر کے ساتھ پوسٹر کے نیچے یہ پیغام بھی تحریر کیا گیا ہےکہ’’ آخری بار جب یہ وارانسی میں ووٹ طلب کرنے کے لئے آئے تھے انہیں تبھی دیکھا گیا تھا، اس کے بعد سے یہ گمشدہ ہیں۔ لاپتہ ہونے کی وجہ سے، گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرانی پڑ رہی ہیں۔‘‘