کانپور: منڈی کے اندر آلو اور پیاز پرمنڈی فیس ختم کرنے کے مطالبہ کو لے کر ان کے آڑھتیوںنے غیر معینہ مدت تک کام بند کردیاہے۔ چکر پور سبزی منڈی میں روزآلو کے سواسواور پیاز کے قریب ۸۰ٹرک آتے ہیں۔بازار میں سناٹا چھایارہا، کانپور آلوآڑھتی ایسوسی ایشن کے نائب صدر ہری شنکر گپتانے کہاکہ جب تک منڈی فیس ختم نہیں ہوگی تب تک وہ منڈی میں کام نہیں کریں گے۔
منڈی کے باہر فیس ختم ہونے کی وجہ منڈی میں آلو اور پیاز کی آمد بہت کم ہوگئی تھی جوائنٹ ویاپار منڈل کے صدر راجیش مشرا کےمطابق منڈی میں مال فروخت کرنے والوں کو آلو اور پیاز فیس لگاکرمہنگاپڑرہاہے۔ باہر یہی مال سستاہوتاہے اس لئے خریدار بھی باہر ہی سے مال خرید رہے ہیں۔ اب منڈی میں مال فروخت کرنا آسان نہیں ہے ،اسی وجہ سے غیر معینہ مدت کی بندی کی اپیل کی گئی تھی۔دوشنبہ کی صبح سے ہی بازار میں آلو – پیاز کے قریب ۵۰۰آڑھتیوں نے کام بند کردیا ،باہر کے کاروباریوں کو بھی اس بندی کی اطلاع مل گئی تھی ،اس لئے مال بھی چار پانچ ٹرک ہی آیا،اسے بھی کاروباریوں نے منڈی کے باہر ہی رکوادیا۔آڑھتیوں کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں آلو کی آمدسواسو ٹرک سے گھٹ کر ۲۰سے ۲۵ٹرک پر آگئی ہے ،وہیں پیاز کی آمد ۸۰سے گھٹ کر ۲۰ ٹرک ہوگئی ہے۔جوائنٹ ویاپار منڈل کے جنرل سکریٹری نیتوسنگھ نے کہاکہ جس طرح سبزی منڈی میں دوسری چیزوں کی فیس ایک فیصد کردی گئی ہے ،اسی طرح آلو اور پیاز کا کردینا چاہئے ،کیونکہ یہ کنبہ کی غذائی اشیاء کا حصہ ہے۔آڑھتیوںنے ہاتھ میں ہڑتال کا بینر لے کر گیٹ پر نعرے بازی بھی کی ۔ انھوں نے منڈی فیس واپس لینے کے نعرے لگائے ،ساتھ ہی انتباہ دیاکہ ایسا نہ ہواتو وہ بھی باہر کاروبار شروع کردیں گے۔