حیدرآباد ۔ وشواہندو پریشد (وی ایچ پی) کی شعلہ بیان لیڈر سادھوی پراچی نے شہر حیدرآباد میں سری رام نومی شوبھا یاترا کے موقع پر مسلمانوں کے خلاف پولیس کی موجودگی میں زہرافشانی کی ۔ بیگم بازار چھتری کے قریب جلوس میں شامل بھکتوں سے خطاب کرتے ہوئے سادھوی پراچی نے کہا کہ آج کے بعد اگر حیدرآبادکی سڑکوں پر مسلمان اگر نماز ادا کریں گے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے اور خاکی وردی میں ملبوس پولیس والوں کو بھی اس نے انتباہ دیا ۔
شہر کے پرامن ماحول کو مکدر کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے سادھوی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہندوستانی دستور میں مسلمانوں کو سڑک پر نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہے اور وہ اپنے مساجد میں نماز ادا کریں ۔ ۔ بھارت ماتا کی جئے نعرے کو عام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رام مندر کی تعمیر کسی بھی حال میں ہوکر رہے گی اگر بھگوان رام سے کسی کو پریشانی ہے تو وہ ہندوستان چھوڑدیں ۔ رام مندر کی تعمیر کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ سادھوی پراچی نے اپنی اشتعال انگیز تقریر میں مقامی جماعت کے رکن پارلیمنٹ کو بھی نشانہ بنایا ۔ شوبھا یاترا کے موقع پر سادھوی دیوا ٹھاکر نے بھی اپنی اشتعال انگيزی کے ذریعہ ہندوؤں کو اکساتے ہوئے کہا کہ وہ صبر کریں چونکہ بھگوان رام ان کا ساتھ دے گا ۔
سری رام نومی شوبھا یاترا کے موقع پر گوشہ محل بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے وشواہندو پریشد کی لیڈر سادھوی پراچی ، دیوا ٹھاکر اور اترپردیش کے بی جے پی متنازعہ رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کو شہر حیدرآباد مدعو کیا تھا۔ پولیس کو مذکورہ اشتعال انگيز تقاریر کرنے والے سنگھ پریوار کے ارکان شہر کو مدعو کئے جانے کی اطلاع کے باوجود بھی وہ ان کی آمد کو روکنے میں ناکام رہے اور آج کھلے عام شرانگیزی کے باوجود پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔
سری رام نومی اور جمعہ کا دن ایک ساتھ ہونے کے سبب شوبھا یاترا کا آغاز رانی اونتی بائی ہال ، دھول پیٹ سے تاخیر سے ہوا ۔ اور شہر کے حساس علاقوں بشمول بھوئی گوڑہ کمان ، بیگم بازار ، حبیب نگر سے ہوتا ہوا سلطان بازار ہندومان ویائم شالہ اختتام پرپہونچا ۔ سری رام نومی شوبھا یاترا نکالے جانے کے موقع پر گوشہ محل رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ اور بھاگیہ نگر سری رام اتسو سمیتی کے ارکان کے درمیان تنازعہ کے سبب ہنومان ویائم شالہ میں منعقدہ جلسہ عام ناکام ہوگیا ۔ راجہ سنگھ نیسری رام نومی کے موقع پر سنگھ پریوار کے متنازعہ لیڈرس کو حیدرآباد مدعو کیا تھا
جبکہ سری رام نومی اتسو سمیتی نے مدھیہ پردیش کے سوامی ویئھبومہاراج کو طلب کیا ۔ شوبھا یاترا جمعہ کو واقع ہونے کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے سکیورٹی کے وسیع ترین انتظام کئے تھے ۔ کمشنر پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے 6.8 کیلو میٹر شوبھا یاترا کے راستہ کو مکمل طور پر سی سی ٹی سی کے ذریعہ کمانڈ اینڈ کنٹرول میں وقفہ وقفہ سے شوبھا یاترا کا جائزہ لیا ۔