نئی دہلی 25 جون (یواین آئی) مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے 1975 میں اس وقت کی اندرا گاندھی حکومت کی طرف سے ملک میں نافذ ایمرجنسی کی 50 ویں برسی کے موقع پر کانگریس پر حملہ بولا اور کانگریس کی آمریت کے خلاف لڑنے والے لوگوں کو سلام پیش کیا۔
مسٹرپردھان نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’1975 میں آج کے دن، کانگریس نے اپنی طاقت اور ذاتی خود غرضی ثابت کرنے کے لیے جمہوریت کا گلا گھونٹ کر ملک کو ایمرجنسی کی آگ میں جھونک دیا تھا۔ ایمرجنسی کے دوران کانگریس نے آئین کے ساتھ ساتھ ملک کی روح پر بھی حملہ کیاتھا۔
یہ ہماری جمہوریت کا سیاہ ترین باب تھا۔ میں ان تمام قومی خادموں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے جمہوریت کی بحالی اور آئین کے وقار کو بچانے کے لیے کانگریس کی آمریت کے خلاف جدوجہد کی۔
قابل ذکر ہے کہ 25 جون 1975 کو اس وقت کی اندرا گاندھی حکومت نے داخلی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔
ایمرجنسی نافذ ہوتے ہی انٹرنل سیکیورٹی ایکٹ کے تحت سیاسی مخالفین کو گرفتار کیا گیا۔ مسٹر جے پرکاش نارائن، لال کرشن اڈوانی، اٹل بہاری واجپائی، جارج فرنانڈس سمیت کئی بڑے لیڈروں کو جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔
شہریوں کے بنیادی حقوق سلب کر لیے گئے۔ پریس پر بھی سنسر شپ (پابندیاں) لگادی گئی تھیں۔ ہر اخبار میں سنسر افسر بیٹھا دیاگیا، اس کی اجازت کے بعد ہی کوئی اخبارچھپ سکتا تھا۔