بالی وڈ کو بے شمار سُپر ہٹ فلمیں دینے والی نامور بھارتی اداکارہ پریتی زنٹا کہتی ہیں اُنہیں یقین نہیں آرہا کہ لاس اینجلس میں ایک بار پھر سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن لگ گیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پریتی زنٹا نے اپنے شوہر جین گْڈ ایوف کے ہمراہ سیلفی پوسٹ کی ہے جس میں اداکارہ اور اُن کے شوہر نے عالمی وباء کورونا وائرس سے بچنے کے لیے چہرے پر ماسک پہنا ہوا ہے۔
مذکورہ سیلفی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاس اینجلس کی سڑکیں ویران اور خالی ہیں جبکہ کرسمس کی وجہ سے سڑکیں روشن ہوئی ہیں۔
پریتی زنٹا نے سیلفی پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’لاس اینجلس کی سڑکیں ایک بار پھر سے خالی ہوگئی ہیں کیونکہ یہاں مزید تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن لگ گیا ہے۔‘
اُنہوں نے لوگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’براہِ کرم ماسک پہنیں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کا بھی خیال رکھیں۔‘
واضح رہے کہ تین برس قبل پریتی زنٹا امریکی مالیاتی تجزیہ کار جین گْڈ ایوف کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
شادی کے بعد سے پریتی زنٹا اپنے شوہر کے ہمراہ لاس اینجلس میں مقیم ہیں۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ 55 لاکھ 36 ہزار 40 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 15 لاکھ 11 ہزار 915 ہو گئیں۔