ممبئی : بالی وڈ میں پریم ناتھ کو ایک ایسے اداکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے بطور ہیرو فلم انڈسٹری میں راج کرنے کے باوجود ویلن کے کردار کونئے روپ میں پیش کرکے ناظرین میں بے حد مقبولیت حاصل کی.
پچاس کی دہائی میں پریم ناتھ نے کئی فلموں میں ہیرو کا کردار نبھايا اور ان میں کئی فلمیں کامیاب بھی رہیں لیکن انہیں اداکاراؤں کے پیچھے درختوں کے ارد گرد چکر لگاتے ہوئے گیت گانا پسند نہیں آیا اور انہوں نے ہیرو کا کردار نبھانے کی تمام پیشکشوں کو ٹھكراتے ہوئے ویلن کے کردار کو ترجیح دی۔
پشاور میں 21نومبر، 1926 کو پیدا ہوئے پریم ناتھ کو بچپن سے اداکاری کا شوق تھا۔
ملک کی تقسیم کے بعد ان کا خاندان پشاور سے جبل پور شہر منتقل ہوگیا۔
پچاس کی دہائی میں پریم ناتھ نے اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے ممبئی کا رخ کیا اور پرتھوی را ج کپور کے ’’پرتھوی تھیٹر‘‘میں اداکاری کرنے لگے۔
سال 1948ء میں، انہوں نے فلم اجیت سے اپنی فلمی سفر کا آغاز کیا لیکن وہ ناظرین کے درمیان اپنی شناخت نہیں بناسکے۔
1948 میں راج کپور کی فلم ’آگ‘ اور 1949 میں برسات کی کامیابی کے بعد پریم ناتھ کسی حد تک اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئے۔