بولی وڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون اور ایکشن ہیرو رنویر سنگھ کی شادی میں محض 3 دن باقی پڑے ہیں اور ان کی شادی کے لیے مہمانوں نے یورپی ملک اٹلی کا سفر شروع کردیا ہے۔
دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ بھی اپنی شادی کے لیے 10 نومبر کو ممبئی سے اٹلی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
دونوں اداکار 11 نومبر کو اٹلی پہنچے، تاہم ان سے قبل ہی ان کی ٹیم کے ارکان اس جگہ پہنچے، جہاں شادی کی تقریبات کا آغاز ہونا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی اٹلی کے معروف سیاحتی مقام لیک کیمو میں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق شادی کے لیے لیک کیمو میں جگہ کا انتظام کیا جا چکا ہے، یہ جھیل اٹلی کی تیسرے بڑی اور یورپ کی گہری ترین جھیلوں میں سے ایک ہے۔
لیک کیمو نہ صرف شوبز اور کاروباری شخصیات کے لیے سیاحت کے لیے مشہور ہے، بلکہ یہاں دنیا بھر کے امیر افراد شادی اور سالگرہ کی تقریبات بھی منعقد کرتے ہیں۔
اگرچہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی شادی 14 اور 15 نومبر کو ہوگی، تاہم اس کے لیے ابھی سے ہی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، جب کہ جوڑا بھی شادی سے 4 دن قبل اٹلی پہنچ چکا ہے۔
دوسری جانب رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کے اہل خانہ اور انہتائی قریبی رشتہ دار بھی 10 نومبر کو اٹلی کے لیے روانہ ہوئے۔