ترووننت پورم، 26 مئی (یو این آئی) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند جمعرات کو یہاں کیرالہ قانون ساز اسمبلی میں ‘خواتین قانون سازوں کی قومی کانفرنس-2022’ کا افتتاح کریں گے۔افتتاحی اجلاس صبح 11:30 بجے شنکرارائنن تھمپی ہال میں شروع ہوگا۔ ملک میں یہ پہلا موقع ہے جب کیرالہ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں خواتین قانون سازوں کے اتنے بڑے پیمانے پر اجتماع کا انعقاد کیا گیا ہے۔
کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان، وزیر اعلیٰ پنارائی وجین، اسمبلی اسپیکر ایم بی راجیش، گجرات اسمبلی کی اسپیکر محترمہ نیما بین اچاریہ، لوک سبھا کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے، ڈی ایم کے کی خواتین ونگ کی رہنما کنیموجھی ایم پی اور دیگر ریاستوں کی خواتین لیڈران اس تقریب میں شرکت کریں گی۔
کیرالہ کی خواتین وزراء وینا جارج، ڈاکٹر آر بندو، جے چنچورانی، اپوزیشن لیڈر وی ڈی ساتھیسن، خواتین ایم ایل اے اور دیگر عوامی نمائندے بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ سیاسی، ثقافتی، سماجی، میڈیا اور عدلیہ کی نمائندگی کرنے والی نامور خواتین کانفرنس کے مختلف سیشنز میں مقررین کی حیثیت سے شرکت کریں گی۔
صدر جمہوریہ جو کیرالہ کے دو روزہ دورے پر ہیں، بدھ کی رات 08:40 بجے ایئر فورس کے ایک خصوصی طیارے سے یہاں پہنچے۔
صدر جمہوریہ کے ساتھ ان کی اہلیہ سویتا کووند اور بیٹی سواتی بھی ہیں اور انہوں نے کل رات راج بھون میں قیام کیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد صدر جمہوریہ راج بھون واپس جائیں گے۔ بعد میں وہ پنے کے لیے 5:20 بجے روانہ ہوں گے۔