نئی دہلی: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے نامور صحافی کلدیپ نیر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ وہ صاف گوئی ، بے باکی اور جمہوریت کے بڑے حامی تھے ۔
مسٹر کووند نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مسٹر کلدیپ نیر ایک اہم ایڈیٹر اور مصنف، سفارتکاراور لیڈر تھے ۔ انہوں نے ایمرجنسی کے دوران جمہوریت کو برقرار رکھنے کے لئے اہم کردار نبھایا۔ لوگ ان کے اسلوب تحریر کو ہمیشہ یاد کرتے رہیں گے ۔ صدر جمہوریہ نے ان کے خاندان کے تئیں تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ۔مسٹر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ “کلدیپ نیر ہمارے وقت کے غیر معمولی دانشور تھے ۔ اپنے خیالات بتانے میں صاف گو اور بے خوف تھے ۔ ایمرجنسی کے خلاف ان کا سخت موقف اور عوامی خدمت اور بہتر ہندوستان بنانے کے لئے ان کے عزم کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں”۔ واضح رہے کہ مسٹر کلدیپ نیر کا بدھ آج آدھی رات کے بعد تقریبا ساڑھے بارہ بجے انتقال ہو گیا۔ وہ 95 برس کے تھے ۔ ان کی آخری رسومات جمعرات کو ایک بجے لودھی روڈ پر واقع شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی۔ مسٹر نیر گزشتہ کافی دنوں سے بیمار تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے ۔