نئی دہلی،16جنوری؛وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کووڈ 19 کے خلاف ہفتے کو ملک گیر سطح پر کورونا ٹیکہ کاری مہم کا افتتاح کیا۔
مسٹر مودی نے آج دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم کی شروعات کرتے ہوئے کہا ،’’آج کے دن کا پورے ملک کو بے صبری سے انتظار رہا ہے۔کتنے مہینے سے ملک کے ہر گھر میں بچے،بوڑھوں اور جوانوں کی زبان پر یہی سوال تھا کہ کورونا کی ویکسین کب آئے گی۔اب کورونا کی ویکسین بہت ہی کم وقت میں آگئی ہے۔آج سے ہندوستان میں دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم شروع ہورہی ہے۔ اس کےلئے ملک کے سبھی عوام کو بہت بہت مبارکباد۔‘‘
انہوں نے کہا،’’آج وہ سائنس داں اور ویکسین کی تحقیق سے وابستہ لوگ،خصوصی طورپر ستائش کے حق دار ہیں،جو گزشتہ کئی مہینوں سے دن رات ویکسین بنانے میں مصروف تھے۔انہوں نے نہ دن دیکھا،نہ رات دیکھی اور نہ تہوار دیکھا۔ عام طورپر ویکسین بنانے میں مہینوں لگ جاتے ہیں لیکن اتنے کم وقت میں ہندوستان میں ایک نہیں بلکہ دو دو میڈ ان انڈیا ویکسین تیار ہوئے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ کئی اور ویکسین پر بھی کام تیزی سے چل رہا ہے۔