شیو موگا، 22 جنوری (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کرناٹک کے شیو موگا شہری کے باہری علاقے میں پتھر کی کان میں ہوئے دھماکے میں آٹھ لوگوں کی موت پر رنج کا اظہار کیا۔ اس واقعہ میں کئی دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مسٹر مودی نے جمعہ کو ٹوئٹر پر اپنے رنج کے پیغام میں کہا ’’شیو موگا میں مزدوروں کی موت سے دکھی ہوں۔ غمزدہ کنبوں کے تئیں تعزیت‘‘۔ انہوں نے حادثے کے متاثرین کو ہر ممکن مدد کی یقینی دہانی کرائی ہے۔
اس دوران وزیراعلی بی ایس یدی یورپا نے رنج کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کی اور ایک اعلی سطحی جانچ کا حکم بھی دیا ہے۔
یہ واقعہ ٹرک میں رکھی جلاٹین کی چھڑوں میں طاقتور دھماکہ کے سبب پیش آیا۔ دھماکہ کے سبب شہر کے لوگ زلزلے کے خوف سے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔ شہر کے باہری علاقے میں واقع ہناسوڈو گاؤں کے نزدیک زبردست دھماکہ ہوا تھا اور جلاٹین کی چھڑوں سے بھرے ٹرک کے پرخچے اڑھ گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق سبھی متاثرین بہار کے رہنے والے تھے اور اسٹون کرشنگ مقام پر مزدوری کرتے تھے۔